نیویارک11نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن نے انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کر لی ہے ۔ اپنے حریف امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور انھیں ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پیشکش کی ہے۔ہلیری کلنٹن نے بدھ کے روز نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں واقع ایک ہوٹل میں اپنے عملہ اور مداحوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے رات ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی تھی اور اپنے ملک کے لیے ان کے ساتھ مل کرکام کی پیشکش کی تھی۔مجھے امید ہے کہ وہ تمام امریکیوں کے لیے ایک کامیاب صدر ثابت ہوں گے۔انھوں نے اپنے حامیوں پرزوردیا ہے کہ وہ انتخابی نتائج کو تسلیم کر لیں۔ وہ ٹرمپ کو بھی کھلے ذہن کے ساتھ قبول کریں اور انھیں قیادت کا موقع دیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی جمہوریت کا انحصار پُرامن انتقال اقتدارپرہے۔ہلیری کلنٹن نے مزید کہا کہ صدارتی انتخاب کے لیے مہم ان کی زندگی کا ایک بڑا اعزاز ہے۔انھوں نے انتخابی نتائج کو درد آمیزقرار دیا لیکن کہا کہ یہ تمام کوشش ان کی اپنی ذات کے لیے نہیں تھی بلکہ اس ملک کے لیے تھی جس سے ہم سب محبت کرتے ہیں۔دریں اثناء امریکی صدر براک اوباما نے بھی ڈیمو کریٹس پر زور دیا ہے کہ وہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پراپنی مایوسی کو بالائے طاق رکھ دیں اور صدارتی اختیارات کی کامیاب انداز میں منتقلی کے لیے مل جل کرکام کریں۔انھوں نے مزیدکہاکہ اب ہم سب کو ٹرمپ کی قیادت میں ملک کو متحد رکھنے اور انھیں کامیاب بنانے کے لیے کوشاں ہوجاناچاہیے۔واضح رہے کہ صدر اوبامابھی ڈیمو کریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن کی انتخابی مہم اور انھیں کامیاب کرانے کے لیے پیش پیش رہے تھے۔ان اہلیہ میشل اوبامابھی ہلیری کلنٹن کی انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتی رہی تھیں لیکن ڈونلڈ ٹرمپ امریکی اسٹیبلشمنٹ کی مخالفت کے باوجودصدارتی انتخاب جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔